اسلام آباد: حج درخواستیں جمع کرانے سے محروم رہ جانے والے افراد کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی، وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے سرکاری حج اسکیم کے 5 ہزار کے محدود کوٹے پر دوبارہ درخواستیں طلب کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اعلان جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت عامر ڈوگر نے کی۔ وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے لیے مختص 5 ہزار کا کوٹہ مکمل نہ ہونے کے باعث جلد ہی مزید درخواستیں وصول کی جائیں گی اور اس کے لیے شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔
وزارت مذہبی امور کے حکام نے اجلاس میں کمیٹی کو بتایا کہ اس سال حج اخراجات کو 11 لاکھ روپے سے کم رکھنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
اجلاس میں پرائیوٹ حج آپریٹرز اور وزارت مذہبی امور کے درمیان تنازع کا بھی ذکر کیا گیا۔ سعودی عرب کی ہدایت اور وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق 163 کمپنیوں کو 46 میں ضم کیا گیا ہے تاہم پرائیوٹ حج آپریٹرز اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں۔
چیئرمین کمیٹی نے اس مسئلے کے حل کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی کنوینر سید عمران شاہ کریں گے، سید عمران شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں اس ڈیڈ لاک کا حل نکال لیا جائے گا۔
حج درخواستوں کا یہ نیا مرحلہ ان افراد کے لیے ایک نادر موقع ہے جو پہلے کسی وجہ سے درخواست جمع نہیں کرا سکے تھے۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت یہ اقدام عوام کو سہولت فراہم کرنے اور حج انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔