مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو پستی کی طرف دھکیل دیا گیا تھا، اب ٹھہراؤ خوش آئند ہے۔
تفصیلات کے مطابق میاں محمد نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی ہے، دوران ملاقات نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو پستی کی طرف دھکیل دیا گیا تھا، اب اس میں ٹھہراﺅ خوش آئند ہے۔
نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کرنے والوں میں ضلع گوجرانوالہ، نارووال اور سیالکوٹ کے اراکین صوبائی اسمبلی شامل تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور پنجاب میں عوامی خدمت کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف، سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی موجود تھے۔
دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مہنگائی کی رفتار میں کمی کا آنا معاشی بہتری کا اشارہ ہے، اسٹاک ایکسچینج کی بلندی کاروبار اور سرمایہ کار برادری کے اعتماد کی جھلک ہے، ترقی کے سفر کی رفتار کا بڑھنا خوشگوار تبدیلی کی آمد کی علامت ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو پستی کی طرف دھکیل دیا گیا تھا، اب اس میں ٹھہراؤ خوش آئند ہے ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف وفاق میں بڑی محنت سے کام کررہے ہیں، جبکہ مریم نواز پنجاب میں ایک ماں اور بیٹی کے جذبے سے کام کر رہی ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی بھی اُن کا ہاتھ پکڑتا ہے جو نیک نیتی اور محنت سے مخلوق کی خدمت کرتے ہیں۔
ارکان پنجاب اسمبلی نے ترقیاتی کاموں اور عوامی منصوبوں پر وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ’میاں صاحب آپ مریم نواز جیسی بہادر اور لائق بیٹی پر جتنا فخرکریں کم ہے‘۔
ارکان اسمبلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’میاں نواز شریف کا نام لگا ہے تو برکت ہی برکت ہے، الحمدللہ‘، مریم نواز شریف ایک سال میں ہر طبقے کی بحالی کے پرگرام لائی ہیں، لوگ دعائیں دے رہے ہیں۔
جس پر وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان پنجاب اسمبلی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی بیٹی ہونے کی وجہ سے زیادہ ذمہ داری محسوس کرتی ہوں، شہباز شریف نے عوامی خدمت کی مثال قائم کی ہے، آپ سب کی رہنمائی اور اعتماد ہی ہماری قوت اور کامیابی کی کلید ہے، عوامی خدمت کے معیار اور رفتار سے نون لیگ کی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغاخان کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پرنس کریم آغاخان بین الاقوامی شناخت کی حامل ایک محترم شخصیت تھے ،پرنس کریم آغاخان پاکستان کے دوستوں اور محبت کرنے والے افراد میں نمایاں تھے ، ان کی وفات ہم سب کا ذاتی نقصان ہے ۔
تعلیم کے فروغ، صحت کی سہولتوں اور ثقافت کے فروغ کے لئے انہوں نے گراں قدر کام کیا، پرنس کریم آغاخان کی دنیا میں امن، اسماعیلی کمیونٹی اور پاکستان میں سماجی ترقی کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔
پرنس کریم آغاخان کی وفات پر ان کے اہل خانہ اور اسماعیلی کمیونٹی کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔