اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکلا نے ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں 26 نومبر کو پی ٹی آئی کے جتھے کے اسلام آباد میں غیر قانونی داخلے اور احتجاج کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی۔
بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر عدالت عالیہ نے تفتیشی افسر کو ہدایت دی کہ وہ اڈیالہ جیل جا کر بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش کرے اور 17 فروری تک اپنی رپورٹ پیش کرے۔
یہ مقدمہ بشریٰ بی بی پر نومبر میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور پولیس، سکیورٹی اہلکاروں سے پر تشدد کارروائیوں کے بعد درج ہوا تھا، اور بشریٰ بی بی پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی واضح خلاف ورزی کا الزام بھی درج کیا گیا ہے، جس کی سزا تین سال تک قید ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوئے۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے تصدیق کی کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی برقرار ہے اور اسے تحلیل نہیں کیا گیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود پی ٹی آئی ارکان حکومت سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ مذاکرات کی پہل تحریک انصاف کے اندر سے ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے اندر سے منظوری آتی ہے تو وہ ہم سے رجوع کریں گے۔
پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے، ایاز صادق نے تسلیم کیا کہ وہ ایک سخت مذاکرات کار ہیں، لیکن اس بات کی تصدیق کی کہ رابطے کے ذرائع کھلے ہیں۔