نامور پاکستانی اداکار فیروز خان کی میڈیا کانفرنس میں تاخیر سے آمد پر خاتون صحافی کے ساتھ تلخ کلامی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انکی بہن و معروف اداکارہ حمائمہ ملک اپنے بھائی کے حق میں بول پڑیں۔
اپنی گرم مزاجی کے لیے مشہور اداکار فیروز خان آج کل اپنے غیرپیشہ ورانہ طرزِ عمل کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
فیروز خان اور خاتون صحافی کے درمیان تلخ کلامی
گزشتہ روز فیروز خان کو لاہور میں ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئٹر رحیم پردیسی کے ساتھ اپنے باکسنگ میچ کے لیے ایک پریس کانفرنس میں شرکت کرنی تھی، تاہم ان کی تاخیر سے آمد کی وجہ سے صحافیوں سمیت پریس کانفرنس کے شرکاء کو ڈھائی گھنٹے تک اُن کا انتظار کرنا پڑا۔
فیروز خان کی تاخیر سے آمد پر لاہور سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون صحافی اور یوٹیوبر عنبرین فاطمہ نے انہیں اُن کے غیرپیشہ ورانہ رویے پر کھلے عام تنقید کا نشانہ بنایا۔
خاتون صحافی نے فیروز خان سمیت پینل میں شریک دیگر شخصیات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘میرا نام عنبرین فاطمہ ہے، ہمیں سختی سے تاکید کی گئی تھی کہ وقت پر پہنچیں اور سہ پہر تین بجے تک یہاں پہنچ جائیں، ہم سب وقت پر یہاں پہنچ گئے تھے لیکن فیروز خان ڈھائی گھنٹے تاخیر سے آئے، تمام مین اسٹریم میڈیا اب تک چلا گیا ہے، آپ لوگ اللہ کے کرم کے علاوہ صرف مداحوں اور میڈیا کی سپورٹ کیوجہ سے ہی اسٹار بنتے ہیں’۔
اس دوران فیروز خان نے لقمہ دیا کہ ‘میڈیا اسٹار بناتا ہے؟ میڈیا تو پچھلے 3 سال سے میرے پیچھے پڑا ہوا ہے’، اس پر خاتون صحافی نے کہا کہ ‘میڈیا کے لوگ ہی آپ کو سپورٹ اور پروموٹ کرتے ہیں لیکن میڈیا یہاں پچھلے ڈھائی گھنٹے سے انتطار کررہا ہے’۔
تاخیر سے آمد کا عذر پیش کرتے ہوئے فیروز خان نے کہا کہ ‘دراصل میرے گھر گرم پانی نہیں آرہا تھا’۔
تاہم خاتون صحافی نے عذر قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ‘یہ کوئی مذاق کی بات نہیں ہے، ڈھائی گھنٹے آپ کا انتظار کیا ہے، یہ کوئی طریقہ نہیں ہے’۔
حمائمہ ملک بھائی کی حمایت میں بول پڑیں
اب فیروز خان کی بہن و اداکارہ حمائمہ ملک ان کے دفاع میں سامنے آگئی ہیں۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پوسٹ کی گئی ویڈیو مہں حمائمہ ملک نے کہا کہ ‘میں عام طور پر ایسی ویڈیوز نہیں بناتی لیکن آج میں یہ بات کرنا چاہتی ہوں کہ کوئی بھی اداکار ہو، کوئی بھی اسٹار ہو، کوئی بھی سلیبرٹی ہو، کوئی بھی ٹک ٹاکر یا یوٹیوبر ہو، ہمیں میڈیا (اسٹار) نہیں بناتا’۔
انہوں نے کہا کہ’میڈیا بس ایک راستہ ہوتا ہے جہاں سے ہم لوگوں تک پہنچتے ہیں، ہم اپنے مداحوں کی وجہ سے (اسٹار) بنتے ہیں، مانتے ہیں آپ لوگ یہ بات؟’
اس حوالے سے انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ایک پول بھی شیئر کیا جس میں انہوں نے یہی سوال دہرایا کہ ‘اسٹارز فین بناتے ہیں؟’
حمائمہ ملک کے سوال پر پولنگ کے بعد 91 فیصد لوگوں نے ان کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اسٹار میڈیا نہیں فینز بناتے ہیں۔