پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی اداکارہ منشا پاشا نے پہلی بار زندگی کے تلخ پہلو سے پردہ اٹھادیا۔
منشا پاشا پاکستان کی معروف ماڈل ، اداکارہ اور ہوسٹ کے طور پر اپنی پہچان رکھتی ہیں، حیدر آباد میں پیدا ہونے والی منشا پاشا نے کراچی میں پرورش پائی ، انہوں نے بلاک بسٹر ڈرامے ’ہمسفر‘ میں ایک سپورٹنگ رول سے توجہ حاصل کی، وہ زیادہ تر سنجیدہ کرداروں میں نظر آئیں۔
ان کے مشہور ڈراموں میں ‘ زندگی گلزار ہے‘، ’شہرذات‘، ’محبت صبح کا ستارہ ہے‘ اور ’سراب‘ شامل ہیں، انہوں نے ’لال کبوتر‘ نامی فلم میں بھی کام کیا اور ان کی اداکاری پر بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزد بھی ہوئیں۔
حال ہی میں منشا پاشا نے نجی ٹیلی ویژن کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے دیگر پہلو پر گفتگو کرنے کیساتھ اپنی زندگی کے مشکل وقتوں کے بارے میں بات کی۔
اداکارہ جو اس وقت ایک سیاست دان جبران ناصر کیساتھ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں ان سے قبل وہ اسد فاروقی نامی شخص کیساتھ شادی شدہ تھیں جو بد قسمتی سے یہ شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور طلاق پر ختم ہوگئی۔
پہلی ناکام شادی کو زندگی کا سب سے مشکل وقت قرار دیتے ہوئے منشا پاشا کا کہنا تھا کہ،’میری زندگی کا سب سے مشکل وقت میری پہلی شادی کے دوران تھا۔ اور کالج کا وقت بھی میرے لیے بہت سخت تھا۔ یہ وہ وقت تھا جب مجھے بہت سے فیصلے کرنے تھے اور ساتھ ہی مستقبل کے بارے میں بے یقینی بھی تھی۔ لیکن بعد میں احساس ہوا کہ یہ سب مشکل وقت شخصیت کی نشوونما کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔’
اداکارہ کا کہنا تھا کہ،’جب میرے والد کا انتقال ہوا تو وہ وقت بھی میرے لیے بہت تکلیف دہ تھا۔ انہیں کینسر تشخیص ہوا تھا اور اسی دوران میری والدہ کو ہارٹ اٹیک ہوا۔ سب کچھ بکھرتا جا رہا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ یہ 2014 اور 2015 کا وقت تھامیں کام کر رہی تھی اور اس دوران میری شادی بھی چل رہی تھی ایسا لگ رہا تھا جیسے زندگی بےحد مشکل ہو چکی تھی۔’
منشا پاشا کی ازدواجی زندگی
یاد رہے کہ منشا پاشا کی پہلی شادی 2013 میں اسد فاروقی سے ہوئی جو 2018 میں طلاق پر ختم ہوگئی۔
پہلی شادی کی ناکامی دیکھ کر منشا پاشا کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ،’میں نے بہت کم عمری میں شادی کی تھی ہمارے معاشرے میں لوگ جلدی شادی کر لیتے ہیں، لیکن میری شخصیت مکمل طور پر نہیں بنی تھی، اور میں ایک رشتے میں بندھ گئی تھی’۔
اداکارہ کا طلاق کے تجربے پر بات کرتے ہوئے یہ بھی کہنا تھا کہ’زیادہ تر شادیوں میں، لوگ اتنے سمجھدار نہیں ہوتے کہ وہ چیزوں کو سنبھال سکیں۔ اگر دو لوگ ایک دوسرے سے بہت مختلف ہیں تو انہیں آگے بڑھنے کا موقع لینا چاہیے۔ میں اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ شادی صرف ایک فرد سے نہیں بلکہ ایک پورے خاندان سے ہوتی ہے۔ یہ ایک روایتی جملہ ہے، لیکن میں اس سے اتفاق کرتی ہوں کیونکہ حقیقت یہی ہے۔’
بعدازاں منشا پاشا نے سال 2021 میں سیاستدان اور سماجی کارکن جبران ناصر سے دوسری شادی کی جو ایک قریبی تقریب میں انجام پائی، اور اب جبران کیساتھ منشا خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں۔