لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ، ماڈل اور انفلوئنسر کشف علی نے کرکٹر صائم ایوب کے ہمراہ وائرل ہونے والی ویڈیو پر وضاحت دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کو سختی سے مسترد کر دیا۔
کشف علی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے وائرل ویڈیو کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔
اداکارہ نے کہا کہ “ہمارے ملک میں بہت سے مسائل ہیں جن پر بات ہونی چاہیے، مگر میڈیا غیر ضروری خبروں کو اہمیت دیتا ہے اور عوام بھی ایسی چیزوں میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔ ایک عام سی ویڈیو کو لے کر غیر ضروری قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، جو میرے لیے مضحکہ خیز ہے۔”
واضح رہے کہ پاکستان کے جارحانہ مزاج بلے باز صائم ایوب گھٹنے کی انجری کے باعث ان دنوں کرکٹ سے دور ہیں۔ حال ہی میں وہ مغربی لندن میں کشف علی کے ساتھ دیکھے گئے، جس کے بعد دونوں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
وائرل ویڈیو کے بعد مختلف سوشل میڈیا صارفین نے ان کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں شروع کر دیں، جس پر کشف علی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “ویڈیو میں موجود شخص کو آپ نہیں جانتے، جیسے آپ مجھے نہیں جانتے۔ یہ سب بے بنیاد باتیں ہیں۔”
کشف علی کی وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر اس حوالے سے تبصرے جاری ہیں، تاہمکشف علی نے واضح کر دیا کہ یہ محض افواہیں ہیں۔