بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے قذافی سٹیڈیم میں لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم حکومت کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے پاکستان نہیں آئی۔ پاکستان آ کر اچھا لگا، بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں میچ دیکھا اور چائے پی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم حکومت کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے پاکستان نہیں آئی، ہائبرڈ ماڈل کارآمد ہے تبھی تو ایک دوسرے کے ساتھ میچز ہو رہے ہیں۔
راجیو شکلا نے کہا کہ یہ چیز واضح طور پر کلیئر ہے کہ جب تک بی سی سی آئی کو اجازت نہیں ملتی تب تک آپس میں کرکٹ نہیں کھیل سکتے ۔نائب صدر بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان آ کر اچھا لگا، آئی سی سی چیمپئنز کا میزبان پاکستان ہے ، چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے حوالے سے فیصلہ ہو چکا تھا۔
راجیو شکلہ نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ ہو چکا تھا کہ بھارت کے میچز دبئی میں ہوں گے ، بھارتی ٹیم پچ کے بھروسے نہیں اپنی پرفارمینس کے ساتھ کھیلتی ہے ۔نائب صدر بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ کافی عرصہ بعد پاکستان میں آئی سی سی کا ٹورنامنٹ ہوا ہے جو اچھی بات ہے ، بہت اچھے طریقے سے اس کو آرگنائز کیا گیا۔ دریں اثنا نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل دیکھنے کے لیے آ ئی سی سی اور پی سی بی کی خصوصی دعوت پر جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، بھارت، بنگلادیش اور زمبابوے کے کرکٹ بورڈز کے سربراہان و اعلیٰ حکام کے علاوہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام قذافی سٹیڈیم پہنچے تو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کرکٹ بورڈز کے سربراہان اور دیگر کا خیر مقدم کیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا، صدر بنگلادیش کرکٹ بورڈ فاروق احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر کرکٹ جنوبی افریقہ فولیٹسی موسیکی، نائب صدر کرکٹ جنوبی افریقہ ڈاکٹر محمد موسی جی، ڈائریکٹر نیوزی لینڈ کرکٹ راجر ٹوزز اور دیگر اعلیٰ حکام نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی اور میچ دیکھا۔
کرکٹ بورڈز کے سربراہان نے دوسرا سیمی فائنل میچ دیکھنے کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لیے بہترین انتظامات اور شاندار مہمان نوازی پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ اور ہاکی دونوں کھیل پاکستان کی ثقافت کا حصہ ہیں۔ لاہور میرا اپنا شہر ہے یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ہے ۔ہاکی اور کرکٹ میں مزید کامیابی حاصل کرنے کے لئے نئے پروگرامز کی ضرورت ہے ۔ ہم لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا ہاکی اسٹیڈیم آباد کرنے کے خواہشمند ہیں.