معروف بھارتی اداکار اور ہدایتکار عامر خان 60 برس کے ہوگئے ہیں، اس خاص موقع پر انہوں نے میڈیا کے ساتھ ملاقات اور مبارکباد کے ایک سیشن کی میزبانی کی، جس کی خاص بات اداکار کی گرل فرینڈ گوری رہیں، جن سے ان کی ملاقات 25 سال قبل ہوئی تھی۔
پریس میٹ کے دوران اداکار نے اپنی گرل فرینڈ گوری کا میڈیا سے تعارف کراتے ہوئے کہا کہ وہ گوری سے 25 سال پہلے ملے تھے اور اب پارٹنر ہیں۔ ’ہم ایک دوسرے سے بہت سنجیدگی کے ساتھ وابستہ ہیں، ہم ڈیڑھ سال سے ساتھ ہیں۔‘
عامر خان نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز انہوں نے اپنی گرل فرینڈ کو شاہ رخ خان اور سلمان خان سے ممبئی کے اپنے گھر پر ملوایا تھا، اپنی گرل فرینڈ کے بارے میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ گوری پروڈکشن میں کام کرتی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران عامر خان اپنی مشہور فلم لگان کے اپنے کردار بھوون کا ذکر کرتے ہوئے بولے؛ بھون کو اپنی گوری مل گئی، یہاں انہوں نے اداکارہ گریسی سنگھ کی جانب سے اسی فلم میں نبھائے گئے گوری کے کردار کا حوالہ دیا، جو بھون سے محبت کرتی تھی۔
بات چیت کے دوران عامر خان نے اپنی پارٹنر گوری کے لیے ساحر لدھیانوی کے لکھے امر گیت ’کبھی کبھی میرے دل میں‘ بھی گنگنایا۔
’میں نہیں جانتا 60 سال کی عمر میں شادی مجھے زیب دیتی ہے کہ نہیں، میرے بچے بہت خوش ہیں، میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میری سابقہ بیویوں کے ساتھ اتنے اچھے تعلقات ہیں۔
عامر خان کی پہلی شادی فلم پروڈیوسر رینا دتہ سے ہوئی تھی، جن سے ان کے دو بچے جنید اور ایرا خان ہیں جبکہ عامر خان کی 2005 میں ہونیوالی ہدایتکار کرن راؤ سے دوسری شادی 2021 میں علیحدگی پر منتج ہوئی تھی، دونوں اپنے بیٹے آزاد کی مشترکہ پرورش کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔