محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں ہلکی بارش جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور خشکی کا راج برقرار رہے گا، تاہم بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جب کہ خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، سوات اور کوہاٹ میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں بھی موسم خشک اور درجہ حرارت بلند رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے مختلف علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے اور درجہ حرارت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، تربت، خضدار اور چمن میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
دوسری جانب کشمیر اور گلگت بلتستان میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ چند علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے، جس سے وہاں گرمی کی شدت میں قدرے کمی آسکتی ہے۔