امریکی اخبار “واشنگٹن پوسٹ” نے خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے پاکستان میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے، جس سے گرمی کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہونے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا، خاص طور پر پاکستان کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو یہ موسم گرما کا خطے میں ایک نیا عالمی ریکارڈ شمار ہوگا۔
یاد رہے کہ اپریل 2018 میں سندھ کے شہر نوابشاہ میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا تھا، جسے ایشیا کا گرم ترین دن قرار دیا گیا تھا۔
ادھر پنجاب میں شدید گرمی کے ساتھ ساتھ موسمی تغیرات بھی متوقع ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے ترجمان کے مطابق 30 اپریل سے 4 مئی تک مختلف اضلاع میں گرد آلود ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
متاثرہ اضلاع میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ شامل ہیں، جبکہ لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔