لاہور قلندرز نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے فائنل میچ میں سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے فائنل میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ ایک ناقابلِ فراموش کارکردگی کا بھی مظاہرہ کیا۔
یہ تاریخی فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے اور لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 202 رنز کا بڑا ہدف دیا۔
لاہور قلندرز نے اس ہدف کو بڑی مہارت اور دلیری سے تعاقب کیا اور میچ کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر یہ ہدف حاصل کر کے فتح اپنے نام کی۔ یہ نہ صرف ٹیم کی تیسری پی ایس ایل ٹرافی تھی بلکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں فائنل میچ میں سب سے بڑا کامیاب چیز (رنز کا تعاقب) بھی تھا۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی فائنلز میں سب سے بڑا ہدف عبور کرنے کا ریکارڈ بھارتی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے پاس تھا، جنہوں نے 2014 کے آئی پی ایل فائنل میں کنگز الیون پنجاب کے خلاف 200 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔
لاہور قلندرز اب دنیا کی پہلی ٹی ٹوئنٹی ٹیم بن گئی ہے جس نے کسی فائنل میں 200 سے زائد رنز کا ہدف کامیابی سے عبور کیا۔ اس کارنامے نے نہ صرف شائقینِ کرکٹ کو حیران کیا بلکہ دنیا بھر میں لاہور قلندرز کی اس شاندار کامیابی کو سراہا جا رہا ہے۔
لاہور قلندرز کی یہ جیت پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک یادگار لمحہ بن گئی ہے، جو نہ صرف ٹیم کے حوصلے کو بلند کرے گی بلکہ آنے والے ایڈیشنز کے لیے بھی ایک نئی مثال قائم کرے گی۔
۔