شہر قائد میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کے مزید گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ محسوس کی جانے والی گرمی 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق دن کے وقت سمندری ہوائیں بند رہیں گی جس کے باعث سورج کی تپش میں اضافہ ہوگا۔ اس وقت شہر کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم گرمی کی شدت 39 ڈگری جیسی محسوس کی جا رہی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اس وقت مغربی ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جو شہریوں کو شدید حبس اور پسینے کا سامنا کرا رہا ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بلا ضرورت دھوپ میں باہر نکلنے سے پرہیز کریں، ہلکے اور کھلے رنگ کے کپڑے پہنیں اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں تاکہ گرمی کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔