پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے آخرکار اپنے مجسمے سے متعلق خاموشی توڑ دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وسیم اکرم نے اپنے مجسمے کے ساتھ ایک چیتے کے مجسمے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ میرا مجسمہ تو اس چیتے سے بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں میرے مجسمے پر کافی بات چیت ہو رہی ہے، لیکن میرے نزدیک اصل اہمیت تصور یا آئیڈیے کی ہوتی ہے۔
وسیم اکرم نے اس مجسمے کو تخلیق کرنے والے فرد کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسے اس کوشش پر سراہا جانا چاہیے اور جو لوگ اس منصوبے کا حصہ رہے، وہ مکمل تعریف کے مستحق ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں نصب کیا گیا وسیم اکرم کا مجسمہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ شائقینِ کرکٹ نے اس کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد اس کی شکل و صورت پر شدید تنقید کی ہے۔
یہ مجسمہ 1999 کے آئی سی سی ورلڈ کپ کی پاکستانی جرسی میں وسیم اکرم کے بولنگ ایکشن کو پیش کرتا ہے، تاہم مداحوں کا کہنا ہے کہ مجسمے کا چہرہ وسیم اکرم سے مشابہت نہیں رکھتا بلکہ وہ کسی ہالی وڈ ایکشن ہیرو کی طرح لگتا ہے۔