محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم، مرطوب اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر گرد آلود ہوائیں اور ہلکی بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں درجہ حرارت آج 41 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے، جس کے ساتھ ہوا میں نمی کا تناسب بھی خاصا بلند ہوگا۔ صبح کے وقت نمی کا تناسب 80 فیصد جبکہ شام میں 60 فیصد تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث موسم خاصا حبس زدہ محسوس ہو سکتا ہے۔
سندھ کے مشرقی حصوں میں نم ہواؤں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے نتیجے میں کراچی کے نواحی علاقوں میں کچھ مقامات پر گردوغبار اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔ اس کے علاوہ بدھ یا جمعرات کو شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
تھرپارکر، عمرکوٹ، ٹھٹھہ اور سجاول کے مختلف علاقوں میں بھی آج کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے، تاہم عمومی طور پر موسم خشک اور گرم ہی رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سخت دھوپ اور بڑھتی ہوئی نمی کے باعث احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، خصوصاً دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کیا جائے۔