بلوچستان کے ضلع پشین میں آج زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز پشین سے 21 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا اور گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے بعد پشین کے مختلف علاقوں میں لوگ گھبراہٹ میں گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ خوش قسمتی سے فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پہلا زلزلہ 2.5 جبکہ دوسرا 2.6 شدت کا تھا، جن کا مرکز ڈی ایچ اے سٹی کے قریب 40 کلومیٹر زیر زمین تھا۔
زلزلے کے باعث کراچی کے مکینوں میں بھی خوف پھیل گیا اور متعدد افراد گھروں سے باہر نکل آئے۔ واضح رہے کہ یکم جون سے کراچی میں محسوس کیے جانے والے زلزلوں کی مجموعی تعداد 42 ہو چکی ہے، جو شہریوں کے لیے باعثِ تشویش بنتی جا رہی ہے۔