نادرا نے کراچی کے شہریوں کو شناختی دستاویزات کی سہولت گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے بائیکر سروس کی تعداد تین سے بڑھا کر آٹھ کر دی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو مزید آسانیاں فراہم کرنا ہے۔
ڈی جی نادرا کراچی ریجن عامر علی خان کے مطابق اب کراچی کے تمام اضلاع کے شہری بائیک سروس کے ذریعے گھر بیٹھے شناختی کارڈ کی تجدید، بے فارم اور دیگر اہم دستاویزات حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سہولت کی فراہمی کے لیے نادرا نے کراچی میں پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے حوالے سے روڈ شوز کا آغاز کر دیا ہے۔
عامر علی خان نے کہا کہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے یونیورسٹیوں، اسکولوں، شاپنگ مالز اور دیگر اداروں میں خصوصی مہم شروع کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد پاک آئی ڈی ایپ کے استعمال سے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاک آئی ڈی سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کر کے اس میں موجود تکنیکی خامیوں کو دور کر دیا گیا ہے، جس سے اب یہ ایپ مزید مستحکم اور صارف دوست ہو گئی ہے۔
ڈی جی نادرا نے اعلان کیا کہ آنے والے مہینوں میں پاک آئی ڈی کی بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کا ارادہ ہے تاکہ شہریوں تک نادرا کی جدید سہولیات مؤثر انداز میں پہنچائی جا سکیں۔