پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز شدید مندی کا سامنا رہا، جہاں مارکیٹ نے غیر معمولی گراوٹ کے ساتھ سرمایہ کاروں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا۔
پیر کو کاروبار کے آغاز میں ہی 100 انڈیکس میں 2045 پوائنٹس کی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 17 ہزار 977 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ یہ گراوٹ اس قدر شدید تھی کہ ایک ہی دن میں انڈیکس نے تین اہم نفسیاتی حدیں کھو دیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے اختتامی روز اسٹاک مارکیٹ کا انڈیکس ایک لاکھ 20 ہزار 23 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم نئے ہفتے کے آغاز پر سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل نظر آیا اور فروخت کے دباؤ نے مارکیٹ کو مندی کی طرف دھکیل دیا۔
ادھر زرمبادلہ کی مارکیٹ میں بھی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی دیکھی گئی۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈالر کی قیمت میں 10 پیسے کمی کے بعد نیا ریٹ 283 روپے 60 پیسے مقرر ہوا۔ یہ اتار چڑھاؤ ملکی معیشت کے حوالے سے غیر یقینی کی عکاسی کرتا ہے جو سرمایہ کاروں اور تجزیہ کاروں دونوں کے لیے باعث تشویش ہے۔