زیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کی خواتین صرف نمائشی کردار تک محدود نہیں بلکہ وہ ملکی پالیسی سازی اور بین الاقوامی سفارتکاری میں ایک بااثر اور مؤثر قوت کی حیثیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے یہ بات انٹرنیشنل ڈے آف ویمن ان ڈپلومیسی کے موقع پر خواتین سفارتکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں اہم سفارتی کردار ادا کرنے والی باہمت خواتین ہماری قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ جب خواتین سفارتکاری کی قیادت سنبھالتی ہیں، تو یہ عمل صرف سیاسی نہیں بلکہ امن اور انسانیت کے رنگ میں ڈھل جاتا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سی بی ڈی روٹ 47 کو عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھولنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب کے روشن اور پائیدار مستقبل کی طرف ایک اور مضبوط قدم ہے۔ یہ سڑک صرف ایک راستہ نہیں بلکہ صوبے میں اسمارٹ ترقی اور جدید انفراسٹرکچر کی نئی علامت ہے۔
مریم نواز نے عالمی برادری کی توجہ مظلوم خواتین کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا کہ کشمیر، غزہ اور اب ایران جیسے جنگ زدہ خطوں میں بیوہ بننے والی خواتین کے درد پر مرہم رکھنا عالمی معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان خواتین کے بچوں کو تعلیم کے شعبے میں پیچھے نہ رہنے دینے کے لیے “ہونہار اسکالرشپ پروگرام” میں خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔