چکوال میں جاری موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں ضلع کے تین مختلف ڈیموں کے حفاظتی بند ٹوٹ گئے، اور ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
شدید بارشوں کے باعث چک ملوک کے نشیبی علاقے مکمل طور پر زیرآب آ گئے، جبکہ چوآسیدن شاہ میں واقع تاریخی اور مذہبی اہمیت کا حامل کٹاس راج مندر بھی پانی میں ڈوب گیا۔ متعدد سرکاری دفاتر اور شہری گھروں میں بارش کا پانی داخل ہونے سے املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
ضلعی حکام نے صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر شہر میں سیلابی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، جبکہ اطلاعات کے مطابق ایک مکان کی چھت گرنے کے باعث ایک بچے سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے تصدیق کی ہے کہ سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو نکالنے کے لیے بھرپور ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس میں فوج، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔