گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے جشنِ آزادی کے سلسلے میں یکم سے 14 اگست تک جاری رہنے والی “معرکہ حق” تقریبات کے انعقاد کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ گورنر ہاؤس کراچی میں اس حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت خود گورنر سندھ نے کی۔
اجلاس میں “معرکہ حق” کے عنوان سے منسلک تمام پروگرامز اور تقریبات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد گورنر سندھ نے ان تقریبات کے انعقاد کی حتمی منظوری دی۔ گورنر کا کہنا تھا کہ ان تقریبات کی مکمل نگرانی وہ خود کریں گے تاکہ قومی دن کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔
تقریبات کے کامیاب اور مربوط انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف متعلقہ افسران کو ذمے داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ اجلاس میں گورنر کے پرنسپل سیکریٹری، ملٹری سیکریٹری، پریس سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور تقریبات کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ جشنِ آزادی کے پروگرامز عوامی جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے تحت منظم کیے جائیں تاکہ نئی نسل کو تحریکِ پاکستان کی قربانیوں سے روشناس کرایا جا سکے۔