بدین کے علاقے کھور واہ چوک کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں صوبائی وزیر اسماعیل راہو کی بہن حسنہ راہو سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جب کہ 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دو گاڑیاں تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ شہید فاضل راہو کی بیٹی اور صوبائی وزیر اسماعیل راہو کی بہن حسنہ راہو موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ دوسرا جاں بحق ہونے والا شخص بھی حادثے کے فوری بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر مزید کارروائی میں مصروف ہیں۔