سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر موصول ہو گئے ہیں، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو تقویت ملی ہے اور مالی استحکام میں بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کے فنڈز موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ رقم سعودی وزارت خزانہ کی جانب سے 15 اپریل 2026 کو پاکستان کو فراہم کی گئی۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی یقین دہانی بھی کرائی ہے، جو آئندہ مالی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ متحدہ عرب امارات کو 3.5 ارب ڈالر کی ادائیگی درپیش ہے، جو سرکاری زرمبادلہ ذخائر کا تقریباً 18 فیصد بنتی ہے، تاہم سعودی معاونت کے باعث اس ادائیگی سے ذخائر پر پڑنے والے ممکنہ دباؤ میں کمی آنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے 5 ارب ڈالر کے سابقہ ڈپازٹس کو بھی طویل مدت کے لیے رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جس سے پاکستان کے بیرونی کھاتے کو مستحکم کرنے میں نمایاں مدد ملنے کی توقع ہے۔