کراچی میں ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت جاری نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے دوران دسویں جماعت کا انگریزی کا پرچہ بھی امتحان سے قبل سوشل میڈیا پر لیک ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے بعد امتحانی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق میٹرک بورڈ انتظامیہ کی جانب سے شفاف امتحانات کے دعوے اس واقعے کے بعد غیر مؤثر دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ طلبہ اور والدین میں تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب میٹرک بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکا جا سکے، تاہم اس کے باوجود پرچہ لیک ہونے کا واقعہ انتظامی اقدامات کی مؤثریت پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ روز نویں جماعت کا فزکس کا پرچہ اور اس سے ایک روز قبل حیاتیات کا پرچہ بھی امتحان سے تقریباً آدھا گھنٹہ قبل سوشل میڈیا پر آؤٹ ہو چکا تھا، جس سے امتحانی نظام کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔






















































































