اسلام آباد: پاور ڈویژن پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایل این جی کی دستیابی سے پیک ٹائم کے دوران لوڈ مینجمنٹ کے مسئلے کو ختم کرنے میں مدد ملے گی اور بجلی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ رات صوبوں کی طلب کے باعث ڈیموں سے پانی کے اخراج کے ذریعے پیک ٹائم میں 4950 میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی، جس سے عارضی طور پر بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملی۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں پن بجلی کی مجموعی پیداواری استعداد 11500 میگاواٹ ہے، تاہم اس وقت پن بجلی اپنی مکمل صلاحیت سے تقریباً 6000 میگاواٹ کم پیدا ہو رہی ہے، جس کی بنیادی وجہ صوبوں کی جانب سے پانی کی کم طلب ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ پانی کی محدود طلب کے باعث پن بجلی کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے، تاہم ایل این جی کی دستیابی سے بجلی کے نظام پر دباؤ کم ہوگا اور پیک اوقات میں لوڈ مینجمنٹ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔





















































































