لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں واٹس ایپ ہیکنگ اور نقالی پر مبنی فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ہنگامی ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں متعلقہ اداروں کو فوری طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں تمام انتظامی محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے اور ایسے واقعات کی بروقت نشاندہی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شہریوں اور سرکاری نظام کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
ایڈوائزری کے مطابق سینئر بیوروکریسی، پولیس حکام اور فیلڈ فارمیشنز کو خبردار کیا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں متعدد ایسے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں حاضر سروس سرکاری افسران کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کر لیے گئے۔
حکام کے مطابق سائبر مجرموں نے ان اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے کے بعد متعلقہ افسران کے رابطوں، بالخصوص ساتھیوں اور ماتحت عملے کو جعلی پیغامات بھیجے، جن میں ہنگامی مالی مدد کی درخواست کی گئی، جس کے ذریعے دھوکہ دہی کی وارداتیں کی گئیں۔





















































































