اٹک: اٹک ریفائنری لمیٹڈ کے لیے خام تیل ٹینکرز کی آمد ورفت پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد تیل کی سپلائی دوبارہ بحال ہو گئی ہے اور صورتحال میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔
پابندی کے خاتمے کے بعد ملک کے شمالی علاقوں میں فیول سپلائی میں ممکنہ کمی کا خطرہ بھی ٹل گیا ہے، جبکہ ریفائنری حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی پیداوار مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی تاکہ طلب کو پورا کیا جا سکے۔
اس سے قبل خام تیل کی عدم فراہمی کے باعث اٹک ریفائنری کی بندش کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں جیٹ فیول کی قلت کے امکانات بھی بڑھ گئے تھے اور صورتحال تشویشناک ہوتی جا رہی تھی۔
ریفائنری حکام کا کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر ٹریفک پابندیاں نہ اٹھائی جاتیں تو ریفائنری کی بندش ناگزیر ہو جاتی، جس سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جیٹ فیول کی قلت کا شدید خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔





















































































