کوئٹہ کی سیر کے بعد کراچی واپس آنے والی ایک فیملی پر بلوچستان کے ضلع مستونگ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں شوہر جاں بحق جبکہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئیں۔ حملے میں دونوں کمسن بیٹیاں محفوظ رہیں۔
پولیس کے مطابق کراچی میں موبائل فون کا کاروبار کرنے والے علی جمیل اپنی اہلیہ عائشہ اور دو بیٹیوں کے ہمراہ سیاحت کی غرض سے کوئٹہ آئے تھے۔
حکام کے مطابق فیملی جمعہ کی شب کراچی واپس روانہ ہوئی، تاہم راستہ بھٹکنے کے باعث قومی شاہراہ سے ہٹ کر دشت کے علاقے کھنڈ پہنچ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہاں موجود نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی روکنے کا اشارہ کیا، لیکن گاڑی نہ رکنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں علی جمیل موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کی اہلیہ عائشہ شدید زخمی ہوئیں۔ گاڑی میں موجود دونوں بچیاں محفوظ رہیں۔
زخمی خاتون کو فوری طور پر کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں صوبائی سنڈیمن اسپتال کے ٹراما سینٹر میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔






















































































