پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور افغانستان کی سرحدی علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 29 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن “غضب للحق” کے تحت باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
بیان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ہائی ویلیو کمانڈر خان فروش عرف زبل بھی شامل ہے، جبکہ دیگر تین ہلاک شدگان کو آئی ایس پی آر نے جماعت الاحرار سے وابستہ قرار دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پکتیا، پکتیکا اور کنڑ کے علاقوں میں بھی جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران تین مبینہ دہشت گرد مراکز تباہ کیے گئے۔
فوج کے مطابق ان کارروائیوں میں مزید 25 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحہ اور بارودی مواد کے ذخائر بھی تباہ کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدی علاقوں میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔






















































































