روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے مسلح تصادم ختم کرنے اور اختلافات کو سیاسی و سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی اپیل کی ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان تحمل کا مظاہرہ کریں اور تمام متنازع امور کو بات چیت، سفارت کاری اور سیاسی ذرائع سے حل کریں۔
بیان میں دونوں ہمسایہ ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کریں اور علاقائی امن و استحکام کو ترجیح دیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے آنے والے چار ڈرونز کو مار گرانے کا اعلان کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 30 جون کو افغان طالبان حکومت کی جانب سے بلوچستان کی سرحد پر چار ڈرونز بھیجے گئے، جنہیں پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے بروقت نشاندہی کے بعد کامیابی سے تباہ کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے تمام عزائم ناکام بنا دیے۔





















































































