اسلامی نظریاتی کونسل نے قرار دیا ہے کہ انبیائے کرام اور دیگر مقدس شخصیات کی شبیہ، بصری تمثیل یا ان کی نمائندگی کرنے والے کسی بھی بصری مواد کی اشاعت شرعاً ناجائز ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس چیئرمین علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ملکی صورتحال، قانونی امور اور عوامی مفاد سے متعلق متعدد معاملات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کے مطابق انبیائے کرام اور مقدس شخصیات کی تصویر، بصری تمثیل یا ان کی نمائندگی کرنے والے کسی بھی قسم کے بصری مواد کی اشاعت سے مکمل اجتناب کیا جانا چاہیے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ اس اقدام کا مقصد ان مقدس ہستیوں کے مقام، مرتبے اور تقدس کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے اس حوالے سے عوام، اداروں اور متعلقہ حلقوں پر زور دیا کہ مذہبی تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے ایسے مواد کی اشاعت سے گریز کیا جائے۔





















































































