اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کی حکومتی اسکیم کے تحت 10 لاکھ سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کروا دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپ کے کئی ممالک غیر قانونی ہجرت کے خلاف سخت پالیسیاں اختیار کر رہے ہیں، جبکہ اسپین نے اس کے برعکس غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو قانونی حیثیت دینے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔
حکومت کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ منگل تھی، جس تک مجموعی طور پر 10 لاکھ سے زیادہ افراد اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواستیں جمع کرا چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم پیدرو سانچیز کی بائیں بازو کی حکومت نے اپریل میں اس منصوبے کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت ابتدائی طور پر اندازہ لگایا گیا تھا کہ تقریباً 5 لاکھ افراد کو قانونی حیثیت ملے گی۔
حکام کے مطابق اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں بڑی تعداد لاطینی امریکی ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کی ہے۔





















































































