اسلام آباد: پاکستان میں آبادی مسلسل تیزی سے بڑھ رہی ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق آبادی پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں آبادی میں سالانہ اضافے کی شرح 2.55 فیصد ہے، جبکہ ملک کی مجموعی آبادی تقریباً 25 کروڑ 72 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جس کے باعث مختلف شعبوں پر دباؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
شرح پیدائش کے اعتبار سے پاکستان جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ شرح پیدائش رکھنے والا ملک ہے، جبکہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے مقابلے میں دستیاب وسائل ناکافی ثابت ہو رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث معاشی اور سماجی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت کی آبادی کنٹرول سے متعلق پالیسیوں اور اقدامات کو مؤثر نہیں سمجھا جا رہا۔
ذرائع کے مطابق آبادی کنٹرول سے متعلق صوبائی محکموں کی صورتحال بھی انتہائی تشویشناک ہے اور انہیں ناکافی سہولیات کا سامنا ہے۔ خاص طور پر پنجاب میں محکمہ بہبود آبادی کو انتظامی امور اور ملازمین کے انضمام کے حوالے سے شدید چیلنجز درپیش ہیں۔























































































