پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سینٹرل پنجاب کے صدر چوہدری نعمان مجید نے کہا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرول پمپس کو ایندھن کی سپلائی محدود کر دی ہے۔
اپنے بیان میں چوہدری نعمان مجید نے کہا کہ آج شہر میں طلب کے مقابلے میں صرف 50 فیصد پیٹرول سپلائی کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث سپلائی کم کی گئی ہے۔
ان کے مطابق محدود سپلائی کے نتیجے میں دیہی علاقوں کے تقریباً 90 فیصد جبکہ شہری علاقوں کے 50 فیصد پیٹرول پمپس متاثر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ درآمدی پیٹرول کی کسٹمز کلیئرنس میں تاخیر کی وجہ سے سپلائی کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔
کمپنیوں نے مطالبہ کیا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نظام قابل عمل نہیں۔
کمپنیوں کے مطابق قیمتوں میں روزانہ تبدیلی نہ عوام کے مفاد میں ہے اور نہ ہی کاروباری سرگرمیوں کے لیے موزوں ہے۔























































































