اسلام آباد: پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اصل قیمتوں کے مقابلے میں شہریوں کو لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز کی مد میں بھاری اضافی رقم ادا کرنا پڑ رہی ہے، ایک لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 130 روپے 75 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 122 روپے 47 پیسے اضافی وصول کیے جارہے ہیں۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق شہری ایک لیٹر پیٹرول پر لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز کی مد میں مجموعی طور پر 130 روپے 75 پیسے ادا کرنے پر مجبور ہیں، جس سے پیٹرول کی حتمی قیمت میں نمایاں اضافہ ہورہا ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی بنیادی لاگت 245 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہے، تاہم مختلف حکومتی محصولات اور مارجنز شامل ہونے کے بعد اس کی قیمت 368 روپے 29 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل پر مجموعی طور پر 122 روپے 47 پیسے کی لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز وصول کیے جارہے ہیں۔
اس طرح پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں کی بنیادی قیمت کے اوپر ٹیکسز، لیویز اور مارجنز کی صورت میں صارفین پر نمایاں اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔
ایندھن کی قیمت میں شامل یہ اضافی اخراجات براہ راست شہریوں کے ساتھ نقل و حمل اور دیگر شعبوں کے اخراجات پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔





















































































