پاکستان اورفرانس کے درمیان 5 کروڑ یورو قرض کامعاہدہ طے پاگیا۔ یہ قرضہ اور گرانٹ چترال اور درگئی ہائیڈرو پاور پلانٹس کی بحالی کیلئے فراہم کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اورفرانس کے درمیان نرم شرائط پر 5 کروڑ یورو قرض معاہدہ طے پاگیا، وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق معاہدے پر وفاقی سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن، فرانسیسی سفیر اور عالمی تعاون کی فرانسیسی ایجنسی کے پاکستان کے سربراہ نے دستخط کیے۔
تقریب آج پیرس میں بزنس فرانس کے ہیڈکوارٹر میں منعقد کی گئی۔اعلامیہ کے مطابق فرانس کی جانب سے 2 لاکھ یورو کی گرانٹ بھی فراہم کی جائے گی۔یہ قرضہ اور گرانٹ چترال اور درگئی ہائیڈرو پاور پلانٹس کی بحالی کیلئے فراہم کیا گیا ہے۔امداد سے دونوں پاور پلانٹس کو جدید بنیادوں پربحال کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق درگئی ہائیڈروپاور پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 20 میگاواٹ سے بڑھ کر 22 میگاواٹ ہوجائے گی۔ ترال ہائیڈرو پاور پلانٹ کی صلاحیت ایک میگا واٹ سے بڑھ کر 5 میگا واٹ ہوجائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فرانس کی فرینچ ایجنسی فارڈیویلپمنٹ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں بہتری کیلئے تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کررہی ہے۔