انضمام الحق کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے انتخاب کے لیے مشاورت شروع کردی ہے۔ٹیم کااعلان آئندہ ہفتے کیاجائے گا۔محمد عباس کاانتخاب فٹنس سے مشروط اورمحمدعامر کی واپسی متوقع ہے۔
نیوزی لینڈ سے فیصلہ کن ٹیسٹ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی اگلی منزل جنوبی افریقاہے۔ جہاں ٹیم تین ٹیسٹ ،پانچ ون ڈے اورتین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچزکھیلے گی۔ٹیم دسمبرکے وسط میں پروٹیز دیس روانہ ہوگی۔ جہاں انیس دسمبر کو ٹور میچ سے دورے کا آغاز ہو گا۔ پہلا ٹیسٹ چھبیس دسمبرسے سنچورین میں شیڈول ہے۔انضمام الحق کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی نے دورہ کی ٹیم کی تشکیل کےلیے مشاورت شروع کردی ہے۔ محمد عباس کا انتخاب فٹنس سے مشروط ہوگا۔ تاہم سلیکٹرز کو امید ہے کہ محمدعباس مکمل فٹنس حاصل کرکے دستیاب ہوں گے۔ لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر کی واپسی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپنربلال آصف کی جگہ عامر کی شمولیت زیرغور ہے۔ شان مسعود کو نیوزی لینڈ اے ٹیم کے خلاف عمدہ کارکردگی کا صلہ تیسرے اوپنر کی حیثیت سے ٹیم کاحصہ بن کرملے گا۔ کیویز سیریز میں شامل کپتان سرفرازاحمد، امام الحق، محمدحفیظ، بابراعظم، حارث سہیل، اظہرعلی، سعدعلی، حسن علی، میرحمزہ، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، اسد شفیق اور یاسرشاہ اپنی جگہ برقرار رکھیں گے۔