اسرائیلی وزیراعظم بن نیتن یاہو پر ٹیلی کام کمپنی سے رشوت لینے کا الزام ثابت ہوگیا۔ پولیس نے اٹارنی جنرل سے بن یامین نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ پر فرد جرم عائد کرنے کی سفارش کردی۔ نیتن یاہو نے تمام الزامات مسترد کردیئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو پر ٹیلی کام کمپنی سے رشوت وصولی کا الزام ثابت ہوگیا ہے۔ پولیس نے وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف رشوت وصولی کیس کی تحقیقات کی تفصیلات عام کردی ہیں۔ کیس میں نیتن یاہو کے ساتھ ان کی اہلیہ پر بھی فردجرم عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
کیس کی تفصیلات منظرعام پر آنے کے بعد حزب اختلاف نے اسرائیلی وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تفصیلات میرے خلاف تحقیقات شروع ہونے سے قبل ہی آگئی تھیں۔ پولیس کی سفارشات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ اس کیس میں کچھ حقیقت نہیں ہے، مزید تحقیقات میں یہ بات سامنے آجائے گی۔