اسلام آباد:پاکستان میں کورونا وائرس کا پانچواں کیس رپورٹ ہو گیا جبکہ اسکردو کے تعلیمی ادارے بھی 7 مارچ تک بند کر دیے گئے۔
وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر طفر مرزا نے کورونا وائرس کے پانچویں مریض کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مریض کا تعلق فیڈرل بی ایریا سے ہے تاہم اس کی حالت بہتر ہے اور اُس کی بہترین نگہداشت ہو رہی ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے میڈیا سے گزارش کی کہ وہ مریض کا نام اور اس کے خاندان کے بارے میں معلومات نہ دیں۔ حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے پیش نظر سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 7 مارچ تک بند کر دیے گئے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق تعلیمی اداروں کو حفاظتی اقدامات کے تحت بند کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے باعث سندھ حکومت نے بھی صوبے کے تمام اسکولوں کو 13 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
کورونا وائرس کی وجہ سے بلوچستان حکومت پہلے ہی تمام تعلیمی اداروں کو 15 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔ صوبائی حکومت نے میٹرک کے امتحانات بھی ملتوی کیے ہیں۔