اسلام آباد: حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے جاری کیے گئے ایس او پیز کی خلاف کرنے پر مارکیٹں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہبازگل نے بتایا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ملک بھر میں آج کئی بڑی مارکیٹیں بند کر دی جائیں گی۔
شہباز گل نے بتایا کہ یہ فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کیا ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی مارکیٹوں کا بند کرنے کا فیصلہ عوام کی حفاظت کے لیے کیا گیا ہے۔
صنعتی علاقے، مارکیٹیں اور ٹرانسپورٹ کو ایس اوپیز کا پابند بنایا جائے گا اور اس ذمہ داری کیلئے صوبوں میں خصوصی ٹیمیں شکیل دے دی گئی ہیں۔ ٹیمیں ایس اوپیز پرعملدرآمد کویقینی بنائیں گی اور خلاف ورزی پرجرمانے عائد کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے مخصوص اوقات میں مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دی تھی۔
لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی ملک بھر میں دکانوں کے شٹر کھل گئے اور بازاروں میں لوگوں کا رش لگ گیا تاہم متعدد جگہوں پر کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو نہیں اپنایا گیا۔