وزیراعظم شہباز شریف نے اہم قومی مسائل پر سات فروری کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سمیت تمام قومی سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مدعو کرلیا۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نےاہم قومی چیلنجز پر تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا بڑا فیصلہ کیا ہے، جو ملکی سیاسی منظر نامے پر بڑی سیاسی پیش رفت ہے۔
ایاز صادق نے وزیراعظم کا یہ پیغام اسد قیصر اور پروز خٹک کو پہنچایا کہ دہشت گردی کے خلاف اپیکس کمیٹی میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو شریک ہونے کی دعوت دیتا ہوں۔
سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اپنی جماعت کے نامزد نمائندوں کے ناموں سے آگاہ کرنے کی درخواست کی۔ پشاور میں گورنر ہاؤس میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوگا تمام اسٹیک ہولڈرز، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوں گے۔
اجلاس میں 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر غور ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے، سی ٹی ڈی اور پولیس کی اپ گریڈیشن کے اقدامات پر بھی غور ہوگا۔
خیال رہے کہ پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں دہشت گردی کے واقعے میں 101 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔