اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ المکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل معافی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے پوری پاکستانی قوم سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ مسجدِ حرام اور مکہ المکرمہ کے مقدس مقام پر بزدلانہ اور گھناؤنے ڈرون حملے کی کوشش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس اشتعال انگیز اور افسوسناک اقدام پر دکھی اور شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس قابل مذمت اور ناقابل معافی کارروائی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے گہرے دکھ، کرب اور اضطراب کو بیان کرنے کیلئے الفاظ ناکافی ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی مسلح افواج کی مستعدی، شجاعت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فوری کارروائی کرکے اس خطرے کا مقابلہ کیا۔
شہباز شریف نے ایک بار پھر تمام فریقین سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مزید کشیدگی کے دہانے سے پیچھے ہٹنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ خطہ پہلے ہی تنازعات کی بہت بھاری قیمت ادا کرچکا ہے، اس لیے پائیدار امن کے حصول کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کے تحفظ کیلئے پوری ثابت قدمی سے سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ایک ایسا فریضہ ہے جسے ہر پاکستانی اپنے دل کے انتہائی قریب رکھتا ہے۔






















































































