اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں پولیس کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے اسد قیصر، شہرام ترکئی، شاہ احد، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی اور ڈاکٹر امجد علی کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا۔
جنید اکبر، شاہد خٹک، زبیر وزیر، عمر ایوب، ارشد عمر زئی، زر عالم، میاں عمر اور اختر خان کے پاسپورٹ بھی بلاک کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالتی حکم میں ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم، آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان اور بابر سلیم سواتی کے نام بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب کے پاسپورٹ بھی بلاک کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق ملزمان مقدمے میں نامزد ہیں جبکہ تفتیشی افسر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وہ قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔
عدالتی حکم کے مطابق ملزمان پر ریاستی اداروں پر حملوں اور دہشت گردی کے فروغ سمیت سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں جبکہ وہ عدالت کے روبرو پیش ہونے میں بھی ناکام رہے۔
عدالت نے کہا کہ عبوری ضمانت حاصل کرنے والے ملزمان بھی مقدمے کی تفتیش میں شامل نہیں ہوئے، اس لیے تفتیشی افسر کی جانب سے پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو حکم دیا کہ آئندہ عدالتی احکامات تک متعلقہ ملزمان کے پاسپورٹ بلاک رکھے جائیں۔






















































































