ریاض: سعودی اتحادی افواج نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیے جانے والے میزائل اور ڈرون حملوں کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کردیا۔
یمن میں سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثیوں نے شہریوں اور شہری املاک کو نشانہ بنایا ہے، جس سے ان کی انتہاپسندانہ سوچ اور کشیدگی میں اضافے کی پالیسی واضح ہوتی ہے۔
ترکی المالکی نے کہا کہ اتحادی افواج ان حملوں کا ذمہ داری اور بھرپور عزم کے ساتھ جواب دیں گی جبکہ حوثیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام ضروری عملی اور دفاعی اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کی سلامتی، شہریوں اور شہری تنصیبات کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
اس سے قبل سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے کہا تھا کہ پیر کو حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے متعدد حملے کیے گئے جن کے نتیجے میں 13 شہری زخمی ہوئے۔
سعودی فوجی اتحاد کے مطابق حملوں میں خمیس مشیط، ابہا اور طائف میں شہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔
دوسری جانب یمن کے حوثیوں نے گزشتہ روز سعودی عرب کے کنگ خالد ایئر بیس کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔






















































































