اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ صدر کی آڈیو لیک ہونے کے پیچھے مریم نواز ہیں اور ان کے پاس ہر طرح کی آڈیو، ویڈیوز موجود ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ٹیلیفونک گفتگو ریکارڈ اور لیک کرنا صرف عارف علوی نہیں بلکہ ملک کیلئے افسوسناک ہے، یہ مریم نواز ہیں جو ویڈیو، آڈیو پروڈکشن کی ایکسپرٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو ہم پر مسلط کئے گئے ہیں، انہوں نے ملک کو مذاق بنا دیا ہے، آئین میں واضح لکھا ہے کہ 90 روز میں الیکشن ہوں گے، اب ہر کوئی بہانے کر رہا ہے کہ ہم الیکشن نہیں کرواسکتے، یہ اس عہدے کے حقدار ہی نہیں، یہ چھوٹے لوگ ہیں جو بڑے عہدوں پر بٹھا دئیے گئے۔