اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے توشہ خانے کے تحائف نیلام کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن، اے پی این ایس اور سی پی این ای کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف تحفے یتیم بچے اور بچیوں کے اداروں میں جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہمیں اقتدار ملا تو اس وقت مشکل حالات کا اندازہ تھا لیکن اس کی سنگینی کا پوری طرح ادراک نہیں تھا، اقتدار سنبھالنے کے بعد پتہ چلا کہ حالات کتنے خراب ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے گذشتہ 4 سال قوم کی خدمت کے بجائے سیاسی مخالفین کو بدنام کرنے کے لیے ضائع کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ڈیفالٹ ہو جاتا تو انڈسٹری کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بند ہو جاتا اور پٹرول کے حصول کے لیے لائنیں لگی ہوتیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک نے فنڈز کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے سے مشروط کیا ہوا تھا کہ اس سے معاملات طے کریں اور آئی ایم ایف سے ہمارا معاہدہ ہو چکا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ اب یہ نگران یا آئندہ آنے والی حکومت پر ہے کہ ریاست کو بچا کر اس کو مضبوط کرنا ہے یا نہیں، پاکستان میں پیداوار کی بجائے باہر سے چیزیں ہی منگوانی ہیں یا اپنی پیداوار پر توجہ دینی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ توشہ خانہ میں پڑے تمام تحفے نیلام کرنے کا اعلان کرتا ہوں تاہم اس نیلامی میں یتیم اور یتیموں کی کفالت کرنے والے ادارے حصہ لے سکیں گے۔