پاکستانی اسٹریٹ فٹبال ٹیم کے کھلاڑی امان اللہ رؤف بلوچ ناروے میں پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق وہ ناروے کپ اسٹریٹ فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے اوسلو گئے تھے، تاہم ٹیم کے ساتھ شامل ہونے کے بجائے غائب ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امان اللہ رؤف بلوچ چیمپئن شپ کے پہلے ہی روز سے لاپتہ ہیں، اور ان کا پاسپورٹ بھی انہی کے پاس موجود ہے۔ ٹیم کے ساتھی کھلاڑی نے تصدیق کی ہے کہ امان اللہ نے ایونٹ میں کسی بھی میچ میں شرکت نہیں کی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ مسلم ہینڈز کی ٹیم چیمپئن شپ مکمل ہونے کے بعد پاکستان واپس پہنچ چکی ہے، لیکن امان اللہ کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ امان اللہ کا تعلق کراچی کے علاقے لیاری سے ہے اور وہ اس سے قبل “بیٹر فیوچر پاکستان” کی جانب سے بھی ناروے کپ میں حصہ لے چکے ہیں۔