قومی آفات سے نمٹنے کے ادارے (این ڈی ایم اے) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 26 جون سے شروع ہونے والے حالیہ مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں بارشوں اور اس سے جڑے حادثات کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 325 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ ان اموات میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 12 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز آزاد کشمیر میں 6، گلگت بلتستان میں 5 اور خیبرپختونخوا میں ایک شخص بارشوں اور متعلقہ حادثات کے باعث جاں بحق ہوا۔ این ڈی ایم اے کی تفصیل میں بتایا گیا ہے کہ یکم جولائی سے اب تک جاں بحق ہونے والوں میں 142 بچے، 123 مرد اور 60 خواتین شامل ہیں۔
ادارے کے مطابق ملک بھر میں 26 جون سے اب تک مجموعی طور پر 743 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں 164 افراد جاں بحق اور 582 زخمی ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں 72 اموات اور 91 زخمی، سندھ میں 28 اموات اور 40 زخمی، بلوچستان میں 20 اموات اور 4 زخمی، گلگت بلتستان میں 24 اموات اور 13 زخمی، آزاد کشمیر میں 8 اموات اور 10 زخمی جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8 اموات اور 3 زخمی رپورٹ ہوئے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بارشوں سے اب تک 1,782 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ 434 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔ سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصان ہوا ہے، جس میں 651 کلومیٹر طویل سڑکوں اور 53 پلوں کو نقصان شامل ہے۔