وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ ثقافتی سفارتکاری، تعلیم اور سیاحت کا فروغ نہ صرف ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنا سکتا ہے بلکہ عوام کو ایک دوسرے کے قریب بھی لا سکتا ہے۔
یہ بات انہوں نے اس موقع پر کہی جب تھائی لینڈ کے سابق وزیراعظم تھکسان شینا وترا نے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ تقریب میں سابق وزیراعظم نے مریم نواز کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کی دوستی باہمی احترام اور معاشی تعاون پر مبنی ہے، جبکہ پنجاب میں ترقی کا ان کا ویژن عوامی خدمت اور جدت پسندی سے جڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ٹیکسٹائل، زراعت، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش رکھتی ہے اور اس سلسلے میں تھائی لینڈ کے ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے کی مثال قابل تقلید ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ “ڈیجیٹل نیشن” کے ویژن کے تحت نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار ہوں۔ ان کے مطابق پنجاب کی جغرافیائی اہمیت ایسی ہے کہ یہاں سے علاقائی منڈیوں تک آسان رسائی حاصل ہے، جو سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتی ہے۔