بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں 6 ستمبر کو عام تعطیل دینے کا اعلان کر دیا ہے تاکہ شہری یومِ دفاع اور عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریبات میں بھرپور طریقے سے شریک ہو سکیں۔ اس موقع پر صوبے کے تمام سرکاری ادارے اور دفاتر بند رہیں گے۔
حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 6 ستمبر کے دن ملک بھر میں یومِ دفاع منایا جاتا ہے جس کا مقصد وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔ اسی دن 12 ربیع الاول کی مناسبت سے صوبے بھر میں محافل میلاد، جلوس اور دیگر مذہبی تقریبات بھی منعقد ہوں گی تاکہ نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کو عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کیا جا سکے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ یومِ دفاع اور عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کے موقع پر عوام کو زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ تعطیل دی جا رہی ہے تاکہ لوگ اپنی عبادات اور تقریبات میں بلا کسی رکاوٹ شریک ہو سکیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت بھی صوبے بھر میں 5 اور 6 ستمبر کو عام تعطیلات کا اعلان کر چکی ہے۔ سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق ان دنوں کے دوران سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور دیگر ادارے بند رہیں گے۔
یاد رہے کہ یومِ دفاع ہر سال 6 ستمبر کو 1965 کی جنگ میں وطنِ عزیز کا دفاع کرنے والے شہداء اور غازیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے، جبکہ عید میلاد النبی ﷺ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک ایمان افروز موقع ہے جسے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔