بھارت کے شہر پٹنہ میں طبی سائنس کی دنیا کا ایک ایسا غیر معمولی واقعہ سامنے آیا ہے جس نے ماہرین کو حیران کر دیا۔ اندرا گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ڈاکٹروں نے ایک مریض کی آنکھ سے دانت نکالنے کی پیچیدہ ترین سرجری کامیابی سے مکمل کر لی۔
اس غیر روایتی کیس میں 42 سالہ مریض کی دائیں آنکھ کے اندر ایک دانت بڑھ رہا تھا، جس کی وجہ سے انہیں مسلسل مسائل کا سامنا تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ طبی تاریخ کے انوکھے ترین واقعات میں سے ایک ہے اور انہوں نے مریض کی آنکھ سے دانت نکالنے کے لیے 11 اگست کو طویل اور نہایت پیچیدہ آپریشن کیا۔ خوش قسمتی سے یہ آپریشن کامیاب رہا اور مریض اب صحت یاب ہو رہے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے بھی اس معاملے کو نمایاں کرتے ہوئے مریض اور سرجری کرنے والی ٹیم سے بات چیت کی۔ گفتگو میں بتایا گیا کہ مریض، جنہیں رپورٹ میں رمیش کمار (فرضی نام) کہا گیا ہے، بہار کے ضلع سیوان سے تعلق رکھتے ہیں۔ گزشتہ سال اکتوبر میں انہوں نے اپنے اوپری دانت کے قریب سے خون آنے کی شکایت کی تھی، جس کے بعد ان کا علاج شروع ہوا اور بالآخر ان کے اندر موجود یہ حیران کن مسئلہ سامنے آیا۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ نہ صرف طب کی دنیا کے لیے ایک غیر معمولی مثال ہے بلکہ اس نے اس حقیقت کو بھی اجاگر کیا ہے کہ انسانی جسم میں بعض اوقات انتہائی غیر متوقع اور حیران کن تبدیلیاں رونما ہو سکتی ہیں۔